نئی دہلی،27؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے حکومت ہند کو کورونا کے نئے ویرینٹ کے بارے میں چوکنا رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خطرناک ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس کے رہنما نے کہا کہ جنوبی افریقہ سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کورونا کا ایک نیا ویرینٹ ملا ہے جو کہ بہت سنگین ہے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی سب سے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اس لیے حکومت کو بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے اس ویرینٹ کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’نئی شکل بہت سنگین خطرہ ہے۔ یہی صحیح وقت ہے جب حکومت ہند، تمام ہم وطنوں کو ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے کام کرے۔ ایک شخص کی تصویر کے پیچھے ویکسینیشن کے خراب اعدادوشمار زیادہ دیر تک چھپائے نہیں جا سکتے‘۔ اسی کے ساتھ، اعداد و شمار بھی پیش کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مکمل ویکسین شدہ آبادی کا 31.19 فیصد، گزشتہ ہفتے ہر روز 68 لاکھ افراد کولگا ٹیکہ جبکہ دو کروڑ افراد کو یومیہ ٹیکہ لگانا چاہیے۔